لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے کورونا کا پھیلاؤ روکنے شہر بھر کو دو روز کیلئے مکمل لاک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ کل بروز ہفتہ اور اتوار تمام کاروباری سرگرمیاں بند رہیں گی۔
اس بات کا اعلان کمشنر لاہور کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان نے کیا ہے۔ ٹویٹر کے ذریعے انہوں نے بتایا کہ ہفتہ اور اتوار کو تمام کاروبار اور مارکیٹیں مکمل بند رہیں گی۔ صرف میڈیکل سٹور، پٹرول پمپس، ویکسی نیشن سینٹرز، دودھ دہی، گوشت اور سبزی کی دکانیں کھلی رہیں گی۔
کمشنر لاہور ڈویژن کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان نے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں لیے جانے والے سخت فیصلوں کو کامیاب بنانے میں ہمارا ساتھ دیں۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا کے وار بڑھتے جا رہے ہیں۔ اس عالمی وبا نے پورے ملک کو اپنے گھیرے میں لیا ہوا ہے تاہم صوبہ پنجاب کی حالت زیادہ دگرگوں ہے۔
ہفتہ اور اتوار کو لاہور شہر میں مکمل لاک ڈاؤن ہو گا۔تمام کاروبار اور مارکیٹیں مکمل بند رہیں گی۔صرف میڈیکل سٹور، پٹرول پمپ، ویکسی نیشن سنٹرز، دودھ دہی، گوشت اور سبزی کی دوکانیں کھلی رہیں گی۔
— Commissioner Lahore Division (@commissionerlhr) April 30, 2021
مشکل کی اس گھڑی میں لیے جانے والے سخت فیصلوں کو کامیاب بنانے میں ہمارا ساتھ دیں۔#Lahore pic.twitter.com/FHfLJ8c5cO
این سی او سی کی جانب سے جاری اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ کورونا وائرس سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 131 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 ہزار 112 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ ایک ہزار 114، سندھ میں 2 لاکھ 82 ہزار 445، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 17 ہزار 557، بلوچستان میں 22 ہزار 278، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 305، اسلام آباد میں 75 ہزار 67 جبکہ آزاد کشمیر میں 17 ہزار 57 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 17 لاکھ 88 ہزار 127 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 49 ہزار 099 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 7 لاکھ 11 ہزار 465 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 5 ہزار 360 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 131 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 17 ہزار 811 ہوگئی۔ پنجاب میں 8 ہزار 410، سندھ میں 4 ہزار 633، خیبر پختونخوا میں 3 ہزار 274، اسلام آباد میں 679، بلوچستان میں 234، گلگت بلتستان میں 106 اور آزاد کشمیر میں 475 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔