کویت سٹی: (ویب ڈیسک) کویت حکومت نے اپنے ملک کے ایسے شہروں جنہوں نے عالمی وبا سے بچنے کی ویکسین نہیں لگوائی، ان پر بیرون ملک سفر کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ میں چھپنے والی خبر کے مطابق کویتی کابینہ کے فیصلے کے مطابق خلیجی ریاست میں کام کرنے والے تارکینِ وطن کے والدین، بچے اور ان کے ساتھ گھریلو ملازمین اس فیصلے سے مستثنیٰ ہیں اور انھیں پابندی کے عرصے کے دوران میں ملک میں آنے کی اجازت ہے۔ البتہ انھیں کویت میں آمد کے بعد قرنطین میں رہنا ہوگا۔
واضح رہے کہ کویت نے کووِڈ 19 کے کیسوں کی یومیہ تعداد میں اضافے کے پیش نظر 7 فروری کو غیر ملکی شہریوں کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کر دی تھی۔
کویت نے قبل ازیں کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے اپنی بری اور سمندری سرحدوں کو تاحکم ثانی بند کر دیا تھا۔ البتہ جہاز رانی کی صنعت سے وابستہ کارکنوں، کویتی شہریوں اور ان کے خاندانوں کو ملک میں داخلے کی اجازت ہے۔
کویت میں اب تک 276500 کیسوں کی تشخیص ہو چکی ہے۔ کویتی حکومت نے دس روز قبل بھارت سے آنے والی پروازوں کے ملک میں داخلے پر عارضی پابندی عائد کر دی تھی۔
اس نے یہ فیصلہ بھارت میں کورونا وائرس کے کیسوں کی یومیہ تعداد میں ہوشربا اضافے کے پیش نظر کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ کویت میں اس سال کے آغاز کے بعد سے کووِڈ 19 کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں اضافہ جاری ہے اور اس وقت روزانہ 1300 سے 1500 کے درمیان کورونا کے کیسوں کی تشخیص ہو رہی ہے۔
کویت کی وزارت اطلاعات نے کابینہ کے فیصلے کے حوالے سے بتایا ہے کہ عمر کے جو گروپ ویکسین لگوانے کے اہل نہیں،ان پر اس پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔کویتی کابینہ نے غیرکویتیوں کے ملک میں داخلے پرعاید پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔