طالبان نے امن معاہدے کی خلاف ورزی کی تو امریکی فوج واپس آجائے گی: زلمے خلیل زاد

Published On 08 May,2021 06:14 pm

کابل: (ویب ڈیسک) امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے کہا ہے کہ طالبان نے امن معاہدے کی خلاف ورزی کی تو امریکی فوج افغانستان میں دوبارہ واپس آجائے گی۔

طلوع نیوز کے مطابق امریکا کے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد نے کہا ہے کہ افغان عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اگر طالبان نے امن کے بجائے جنگ کو ترجیح تو دی تو اپنے دوستوں کی مدد کے لیے امریکی فوج دوبارہ آئے گی۔

امریکا کے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد کا مزید کہنا تھا کہ عالمی سطح پر جنگ کے خاتمے کی کاوشیں اور کسی بھی مسئلے کے فوجی حل کو مسترد کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے جس سے افغانستان میں امن کی راہ ہموار ہوئی ہے جسے کسی بھی قیمت دوبارہ سبوتاژ نہیں کرنے دیا جائے گا۔

خیال رہے کہ زلمے خلیل زاد نے حال ہی میں ازبکستان، قطر، افغانستان اور تاجکستان کے دورے سے لوٹے ہیں اور برلن میں اتحادیوں کے اہم اجلاس میں بھی شرکت کی تھی جس کا مقصد امریکی فوجیوں کے 11 ستمبر تک بحفاظت واپسی کا انتظام کرنا تھا۔
 

Advertisement