فلسطینیوں کیخلاف اسرائیلی مظالم جاری، زخمیوں کی تعداد 250 سے بڑھ گئی، ترکی میں مظاہرہ

Published On 09 May,2021 09:50 am

مقبوضہ بیت المقدس: (دنیا نیوز) مقبوضہ بیت المقدس میں گزشتہ چند روز سے جاری اسرائیلی مظالم سے زخمی ہونے والے فلسیطینیوں کی تعداد 250 سے زائد ہو گئی۔ زخمیوں میں بچے بھی شامل ہیں۔ ترکی میں فلسطینیوں کے حق میں اسرائیلی سفارت خانے کے سامنے مظاہرہ کیا گیا۔

نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی فورسز کے مظالم کم نہ ہو سکے۔ مقبوضہ بیت المقدس میں تازہ جھڑپوں میں 53 فلسطینی زخمی ہوئے، زخمیوں میں بچے بھی شامل ہیں۔ صیہونی فورسز نے 27 ویں کی شب مسجد ِ اقصیٰ میں عبادت میں مصروف مسلمانوں پر دھاوا بول دیا۔ جس سے قبلہ اول میدان جنگ بن گیا۔

اسرائیلی فورسز نے آنسو گیس کی شیلنگ کی اور واٹر کینن کا بھی استعمال کیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ جھڑپوں کے بعد مقامی ہسپتالوں میں زخمیوں کے لیے جگہ کم پڑنے کے بعد ہلال احمر نے ایک فیلڈ ہسپتال بھی قائم کر دیا۔

فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف ترکی میں اسرائیلی سفارت خانے کے سامنے احتجاج کیا گیا۔ انقرہ اور استنبول میں ہونے والے مظاہروں میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔

مظاہرین نے آزاد فلسطین، آزاد بیت المقدس کے نعرے لگائے، شرکا کا کہنا تھا فلسطینی تنہا نہیں ہیں، مسجدِ اقصی مسلمانوں کے لیے مقدس ہے، خون کے آخری قطرے تک ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

ادھر مقبوضہ بیت المقدس کے علاقے شیخ جراح سے فلسطینی خاندانوں کی بے دخلی کے معاملے پر فریقین میں سخت کشیدگی پائی جاتی ہے۔
 

Advertisement