نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارت میں کورونا سے صورتحال مزید سنگین ہو چکی ہے ، چوبیس گھنٹے کے دوران 4 لاکھ 9 ہزار سے زائد افراد وائرس سے متاثر ہوئے۔
برطانوی جریدے کے مطابق مودی کی توجہ وبا کو کنٹرول کرنے کی بجائے ٹویٹر پر خود کو تنقید سے بچانے پر ہے۔ برطانوی جریدے نے اپنے جرنل میں لکھا کہ ایسے مشکل وقت میں مودی کی خود پر تنقید اور بحث دبانے کی کوشش معافی کے لائق نہیں ہے۔ آرٹیکل کے مطابق بھارت میں یکم اگست تک ہلاکتوں کی تعداد دس لاکھ تک جا سکتی ہے۔ ادھر ایک ہی روز چار ہزار 133 افراد دم توڑ گئے، ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 42 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔
بنگلور کورونا کیسز میں تمام شہروں سے آگے نکل گیا جہاں مریضوں کی تعداد 3 لاکھ سے زائد ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کیسز کی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے جس کی وجہ آکسیجن کی کمی، ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں بے تحاشا اضافہ ہے۔ تامل ناڈو ریاست میں لاک ڈاون کے باوجود جمعے کو 26 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔