اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک میں کورونا ویکسی نیشن کا عمل کامیابی سے جاری ہے۔ برطانوی ویکسین آسٹرا زینیکا کی پہلی کھیپ بھی پاکستان پہنچ گئی۔
ترجمان وزارت صحت کے مطابق آسٹرا زینیکا ویکسین کی پہلی کھیپ میں 12 لاکھ 48 ہزار 400 خوراکیں شامل ہیں۔ ایسٹرا زینیکا ویکسین کی پہلی کھیپ کوویکس سہولت کے تحت لائی گئی۔
خیال رہے دنیا بھر کی طرح پاکستان میں کورونا وائرس کی ویکسین بنانے کی تیاریاں جاری ہیں، کنسائینو ویکسین کی بڑی کھیپ رواں ماہ کے آخر تک تیار ہو جائے گی۔
وفاقی وزیر اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کے پلانٹ میں بڑی مقدار میں کنسائینو ویکسین کی پہلی کھیپ تیار کی جا رہی ہے۔ قومی انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ پلانٹ گزشتہ ماہ اس مقصد کے لیے قائم کیا گیا تھا، خصوصی تربیت یافتہ ٹیم اس وقت منصوبے پر کام کر رہی ہے۔
اسد عمر نے بتایا کہ سخت کوالٹی کنٹرول چیک کے ذریعے قومی انسٹیٹیوف آف ہیلتھ پلانٹ میں تیار کی گئی، کنسائنو ویکسین رواں ماہ کے آخر تک دستیاب ہو گی۔ کین سائنو ویکسین کی 2 کروڑ خوراکیں پاکستان میں تیار کی جائیں گی، چینی کمپنی ویکسین کی 2 کروڑ ڈوز کے لیے خام مال فراہم کرے گی تاہم آغاز میں کورونا ویکسین کی محدودخوراکیں تیار کی جائیں گی۔