اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے بعد عید الفطر پر مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کے دفتر کی طرف سے ٹویٹ میں بتایا گیا کہ ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیشِ نظر حکومتِ پاکستان نے اس عید پر مکمل لاک ڈاؤن کا مشکل فیصلہ کیا ہے۔
ٹویٹ میں عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے وضع کردہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔
ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیشِ نظر حکومتِ پاکستان نے اس عید پر مکمل لاک ڈاؤن کا مشکل فیصلہ کیا ہے۔ عوام سے التماس ہے کہ کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے وضع کردہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کریں
— Prime Minister s Office, Pakistan (@PakPMO) May 7, 2021
آپ کے تعاون سے ہم ایک مرتبہ پھر دیں گے کورونا کو شکست، انشاء اللہ۔#StayHome pic.twitter.com/F092VjsWsI
اس سے قبل کورونا وائرس سے مزید 140 افراد جاں بحق ہوگئے، جسکے بعد اموات کی تعداد 18 ہزار 677 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 8 لاکھ 50 ہزار 131 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 298 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 14 ہزار 517، سندھ میں 2 لاکھ 89 ہزار 646، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 22 ہزار 520، بلوچستان میں 23 ہزار 16، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 358، اسلام آباد میں 77 ہزار 414 جبکہ آزاد کشمیر میں 17 ہزار 660 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 21 لاکھ ایک ہزار 832 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 44 ہزار 846 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 7 لاکھ 47 ہزار 755 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 5 ہزار 177 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 140 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 18 ہزار 677 ہوگئی۔ پنجاب میں 8 ہزار 891، سندھ میں 4 ہزار 698، خیبر پختونخوا میں 3 ہزار 537، اسلام آباد میں 702، بلوچستان میں 243، گلگت بلتستان میں 107 اور آزاد کشمیر میں 499 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کورونا وباء خطرناک صورتحال اختیار کر رہی ہے۔ رمضان کے آخری ایام میں عوام کو بہت زیادہ احتیاط کرنے کی ضرورت ہے۔ عید تعطیلات کے دوران حکومتی گائیڈ لائنز پر عمل کرنے سے وباء کا پھیلاؤ روکنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے صورتحال کے تناظر میں لاک ڈاؤن کا مشکل فیصلہ کیا ہے۔ شہری بلاضرورت گھروں سے نہ نکلیں۔ شہری جس قدر احتیاط کریں گے اتنا ہی کورونا کیسز میں کمی آئے گی۔ کورونا سے بچاؤ کیلئے ویکسی نیشن کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ ویکسی نیشن سنٹرز کی تعداد میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ 50 سال سے زائد عمر کے شہری صرف شناختی کارڈ دکھا کر کورونا ویکسین کی سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔ 40 سال سے زائد عمر کے افراد کی بھی رجسٹریشن کے ذریعے ویکسی نیشن شروع کر دی گئی ہے۔ شہری کورونا ویکسین ضرور لگوائیں۔ویکسین عوام کو کورونا سے بچاؤ کیلئے ضروری ہے۔