اسلام آباد: (دنیا نیوز) کورونا وائرس سے 24 گھنٹے کے دوران مزید 118 افراد موت کی نیند جا سوئے، جاں بحق افراد کی تعداد 18 ہزار 915 ہو گئی ہے۔ ملک بھر میں 3 ہزار 785 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
کورونا کی تیسری لہر کی تباہ کاریاں جاری، وائرس سے مزید 118 افراد موت کی کھائی میں جا گرے، 24 گھنٹے کے دوران 40 ہزار 736 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 3,785 افراد میں وائرس کا انکشاف ہوا ہے۔ کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 8 لاکھ 58 ہزار 26 تک پہنچ گئی جن میں سے 4 ہزار 903 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 9.29 فیصد رہی۔
این سی او سی کے مطابق صوبہ پنجاب میں کورونا کیسز کی تعداد سب سے زیادہ ہے جو 3 لاکھ 17 ہزار 972 تک پہنچ گئی ہے، سندھ میں 2 لاکھ 91 ہزار 668 کیسز، خیبر پختونخوا ایک لاکھ 23 ہزار 842 ، بلوچستان میں 23 ہزار 324 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ اسلام آباد 77 ہزار 974 ، گلگت بلتستان میں کیسز کی تعداد 5 ہزار 380 رہی جبکہ آزاد کشمیر میں کورونا مریضوں کی تعداد 17 ہزار 866 ہو گئی ہے۔
کورونا سےگذشتہ 24 گھنٹے کے دوران 4 ہزار 569 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد زندگی کی جانب لوٹنے والوں کی مجموعی تعداد 7 لاکھ 57 ہزار 281 ہو گئی۔