نئی دلی: (دنیا نیوز) بھارت میں کورونا سے صورتحال بدستورسنگین ہے، چوبیس گھنٹے کے دوران 3 لاکھ 29 ہزار سے زائد افراد وائرس سے متاثر ہوئے۔
بھارت میں مہلک وائرس سے ایک ہی روز میں 3 ہزار 879 افراد دم توڑ گئے، ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ڈھائی لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے، مرنے والوں کی آخری رسومات کے لیے جگہ کم پڑ گئی ہے۔
تامل ناڈو، راجستھان اور پوڈو چری میں آج سے دو ہفتوں کا لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مودی حکومت پر قومی لاک ڈاؤن کے لیے دباؤ بڑھ گیا ہے۔
ادھر بھارت میں کورونا مریضوں کی لاشیں دریا سے برآمد ہوئیں، علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ریاست بہار میں 40 سے زائد لاشیں تیرتی ہوئی دریائے گنگا کے کنارے پر پہنچ گئیں، جنہیں اتر پردیش سے دریا میں ڈالا گیا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ ان کورونا مریضوں کی لاشیں ہیں جنہیں شمشان گھاٹ میں جگہ نہ ملنے پر لواحقین نے دریا میں ڈال دیا تھا۔
سات سے دس دن تک سمندر میں رہنے سے لاشیں پھول چکی ہیں۔ حکام کو خدشہ ہے کہ لاشوں کی تعداد سو سے زیادہ ہوسکتی ہے۔