ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی ولی عہد اور مملکت کے وزیر دفاع محمد بن سلمان سے امریکی صدر جوزف بائیڈن کے ایلچی برائے موسمی تغیرات جان کیری نے اہم ملاقات کی ہے۔
ملاقات کے موقع پروزیر توانائی شہزادہ عبد العزیز بن سلمان، نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور وزیر ماحولیات انجینئر عبد الرحمن الفضلی بھی موجود تھے۔
سعودی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ریاض میں ہونے والی ملاقات کے دوران موسمی تغیرات اور ماحولیات کے تحفظ کے موضوع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے گرین سعودی عرب اور گرین مشرق وسطی کے منصوبوں کا جائزہ لیا۔ ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے اور قدرتی ماحولیاتی تحفظ کے لئے سعودی عرب کی کوششوں کے علاوہ جی 20 کی سربراہی کے دوران مضر صحت کاربن کے اخراج کے لئے کی جانے والی سعودی کوششوں کو سراہا گیا۔