ایران کی زیر نگرانی طالبان، افغان سیاستدانوں میں مذاکرات

Published On 07 July,2021 07:33 pm

تہران: (دنیا نیوز) ایرانی حکومت کی زیر نگرانی طالبان اور افغان سیاستدانوں کے درمیان اہم مذاکرات جاری ہیں۔

ایران کی دعوت پر طالبان اور افغان حکومت کا وفد تہران میں موجود ہے، افغان حکومت اور طالبان کے وفود کے درمیان جاری بات چیت میں ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف بھی موجود ہیں۔

خبر رساں ادارے خامہ پریس کے مطابق افغان حکومت کی طرف سے اس وفد میں افغانستان کے صدر اشرف غنی کے مشیر سلام رحیمی، افغانستان کے سابق نائب صدر یونس قانونی، سابق نائب وزیر خارجہ ارشاد احمدی، محمد اللہ تابش، کریم خرم اور ظاہر وحدت شامل ہیں۔ جبکہ طالبان کی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ عباس استنکزئی اپنے وفد کے ہمراہ موجود ہیں۔

افغان طالبان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اس ملاقات میں ایران میں افغان پناہ گزینوں کے مسائل اور افغانستان میں موجودہ امن عامہ کے صورت حال پر بات چیت کی جائے گی۔

 

Advertisement