افغان حکومت اور طالبان کے جھڑپوں میں ایک دوسرے کے جنگجو ہلاک کرنے کے دعوے

Published On 12 July,2021 02:02 pm

کابل: (دنیا نیوز) کابل میں صدر اشرف غنی نے سابق صدر حامد کرزئی اور سابق کمانڈر عبدالرب رسول سیاف سے ملاقات کی ہے، طالبان نے متعدد کمانڈروں سمیت درجنوں اہلکار ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے، افغان وزرات داخلہ کے مطابق صوبہ قندوز میں ہونی والی جھڑپوں میں 27 طالبان جنگجو ہلاک ہو گئے۔

افغانستان کی سیاسی اور عسکری صورت حال مسلسل خراب ہو رہی ہے، صدر اشرف غنی نے سابق صدر حامد کرزئی اور سابق کمانڈر عبدالرب رسول سیاف سے ملاقات کی ہے۔ کابل کے صدارتی محل میں ہونے والی ملاقات میں مفاہمتی کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ بھی موجود تھے۔ افغان لیڈروں نے ملک میں سیاسی استحکام، فوری امن قائم کرنے پر اتفاق کیا۔

ادھر صوبہ قندوز میں افغان وزارت داخلہ کے مطابق فورسز کے حملے میں27 طالبان ہلاک ہو گئے، حملے میں 15 طالبان زخمی ہو گئے۔ فورسز نے اسلحہ اور فوجی سازو سامان بھی تباہ کر دیا گیا۔

صوبہ قندھار، ہلمند اور نیمروز میں طالبان نے حملوں میں 23 چوکیوں پر قبضہ کر لیا، طالبان نے متعدد کمانڈروں سمیت درجنوں اہلکار ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ لشکر گاہ میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے تین شہری ہلاک اور 6 زخمی ہو گئے۔
 

Advertisement