واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا نے کہا ہے کہ افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا کا عمل 95 فیصد سے زائد مکمل ہو گیا ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق افغانستان سے امریکی فوج کا انخلا عمل 95 فیصد سے زائد مکمل ہو چکا ہے۔ 984 سی 17 طیاروں کے ذریعے ضروری سامان افغانستان سے نکال لیا گیا، افغانستان میں قائم 7 فوجی اڈے بھی افغان وزارت دفاع کے حوالے کر دیئے گئے ہیں۔
امریکہ کے افغانستان سے انخلا کے سبب اشرف غنی حکومت شدید دباو میں ہے، طالبان کے بڑھتے حملے اور مختلف علاقوں میں قبضے کی اطلاعات سے افغان شہریوں میں تحفظات پائے جاتے ہیں، طالبان کی بربریت ان کے خلاف نفرت میں اضافہ کر رہی ہے۔ دولت آباد میں ہتھیار ڈالنے والے افغان کمانڈوز کوفائرنگ کر کے قتل کرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا جس کے بعد افغان شہری نے طالبان کو کہا کہ تم کیسے افغان ہو جو اپنے ہی لوگوں کو مارتے ہو۔
دوسری جانب امریکی انخلا کے بعد چین اور بھارت نے بھی اپنے شہریوں کو افغانستان سے نکال لیا ہے۔ روس، چین، ایران اور پاکستان کی بھرپور کوشش ہے کہ افغانستان میں امن قائم ہو جائے، اس حوالے سے افغان دھڑوں کو ایک پیج پر لانے کی کوششیں جاری ہیں۔مذاکرات کے مختلف ادوار کے باوجود فریقین کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے۔