ایمسٹرڈیم : (ویب ڈیسک) ہالینڈ سے ایک حیران کن خبر نے سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے، جہاں پر دنیا کا سب سے مہنگا برگرسامنے آیا ہے جسے ’گولڈن بوائے‘ کا نام دیا گیا ہے۔ قیمت 6000 امریکی ڈالر یا ساڑھے نو لاکھ روپے سے زائد ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہالینڈ کے شہر وورتھوئزن میں واقع ’ڈی ڈالٹنس‘ ریستوران نے بڑے کیکڑے (کنگ کریب)، وائٹ ٹرفل اور دیگر اجزا سے مزیدار برگر بنایا ہے۔ ریستوران کے مالک رابرٹ جان ڈی وین ایک روز انٹرنیٹ پر دنیا کے بڑے برگر کو ڈھونڈ رہے تھے کہ انکی نظر اوریگون کی برگر دکان پرپڑی جس کی قیمت 5000 ڈالر اور وزن 352 کلوگرام تھا۔ یہ ریکارڈ 2011 میں کیا گیا تھا لیکن اب وہ اس سے بھی قیمتی برگر بنانے کا ارادہ کرچکے تھے لیکن وہ کئی سو کلوگرام وزنی برگر کی بجائے ایک ایسا چھوٹا مگر مہنگا ترین برگربنانا چاہتے تھے کہ اسے عام انسان کھاسکے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق انہوں نے اس مہنگے ترین برگر سے ہونے وآلی آمدنی غریب ممالک میں پانی کے منصوبوں کو عطیہ کرنے کا بھی اعلان کیا۔
گولڈن بوائے نامی اس برگرمیں مہنگے ترین اجزا شامل کئے ہیں۔ پہلی بات تو یہ ہے کہ سونے کے ورق میں لپیٹا گیا ہے۔ گوشت جاپان سے آیا ہے جو مہنگا ترین گوشت بھی ہے۔ پھر بن کو شیمپین میں ڈبوکر سکھایا گیا ہے۔ اس پر زعفران بھی ڈالے گئے ہیں اور بطخ کے انڈوں سے تیارکردہ مایونیز ڈالی جاتی ہے۔
سب سے پہلے تین افراد نے یہ مہنگا ترین برگر کھایا اور وہ خیراتی کام میں مدد کرنا چاہتے تھے۔ اگر آپ بھی یہ برگر کھانا چاہتے ہیں تو کم ازکم دو ہفتے قبل گولڈن بوائے کا آرڈر دینا ہوگا۔