ٹیکساس:(روزنامہ دنیا) امریکہ میں فلاحی ادارے کے سستے سٹور میں عطیہ کردہ اٹاری گیم کی کیسٹ نایاب ہونے کی بنا پر 10 ہزار ڈالر سےزائد قیمت میں فروخت ہوگئی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق گڈوِل نارتھ سنٹر ل ٹیکساس سٹور میں سامان چھانٹنے والے ایک ملازم ایلیکس جوریز کاٹھ کباڑ سے اشیا الگ کررہے تھے تو ان کی نظرایک گیم ‘ایئرریڈ’ پر پڑی جو اٹاری 2600 کونسول میں لگنے والی ایک کیسٹ تھی۔ ایلیکس نے اس کی تصویر اپنے والد کو بھیجی جو اٹاری گیمز کے بہت بڑے مداح اور کھلاڑی ہیں۔ ان کے والد نے جواباً بتایا کہ یہ ایک بہت نایاب گیم کی کیسٹ ہے۔
ایئر ریڈ 1982میں ریلیز ہوا تھا جس میں ایئرشپ کنٹرول کرکے ایک شہر کو بچانا ہوتا ہے ۔ ایئر ریڈ کو بہت اہتمام سے الگ کرکے ایک ہفتے کی نیلامی کیلئے پیش کیا گیا۔ ایک ہفتے بعد اس کی بولی 10,590 ڈالر تک جاپہنچی۔ اس رقم سے ٹیکساس میں رہنے والے 20 بے گھر افراد کی مدد کی جائیگی۔