نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں شادیاں مختلف رسومات سمیت مختلف حادثات کی بناء پر بھی اکثر و بیشتر خبروں کی زینت بنی نظر آتی ہیں، انہی میں سے ایک ایسا واقعہ انٹرنیٹ پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے جس میں والدہ کو سٹیج پر چڑھ کر مہمانوں کے سامنے دلہا کی چپل سے پٹائی کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست اترپردیش کے ایک گاؤں میں دلہا دلہن کی سٹیج پر ایک دوسرے کو ہار پہنانے کی تقریب کے دوران پیش آیا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دلہا دلہن خوبصورت سن فلاور سٹائل میں تیار کیے گئے سٹیج پر ایک دوسرے کو ہار پہنانے میں مصروف تھے کہ اچانک دلہے کی ماں نے سٹیج پر چڑھ کر پہلے توڑ پھوڑ کی اور پھر چپل اتار کر دلہے بنے بیٹے کو مہمانوں کے سامنے مارنا شروع کر دیا۔
شادی میں شریک چند مہمانوں نے آگے بڑھ کر خاتون کو زبردستی سٹیج سے اتارا، بعد ازاں ویڈیو میں خاتون کو شادی کی تقریب سے جاتے دیکھا جاسکتا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق والدہ کی دلہا بنے بیٹے پر تشدد کی اصل وجہ سامنے نہیں آسکی ہے تاہم بتایا جا رہا ہے کہ والدہ بیٹے کی دوسری ذات کی لڑکی سے شادی پر ناخوش تھی، بیٹے نے خاندان کی مرضی کے خلاف جاکر انکیتا نامی لڑکی سے پسند کی شادی کی تھی۔
کورٹ میرج کے 3 ماہ بعد لڑکی کے والد نے فیصلہ کیا کہ بیٹی اور داماد کی شادی کی تمام رسمیں مقامی ہال میں ادا کی جائیں گی اور جب اس شادی کی خبر لڑکے کی ماں کو ہوئی تو انھوں نے ہال پہنچ کر اپنے بیٹے کو چپل سے مارنا شروع کر دیا۔