وینکوور(روزنامہ دنیا) یہ دنیا کا مہنگا ترین غسل خانہ تو نہیں لیکن 160 مربع فٹ والے اس باتھ روم میں رہنے کا ماہانہ کرایہ ‘‘صرف’’ 680کینیڈین ڈالر (تقریباً 88 ہزار پاکستانی روپے ) مقرر کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق کینیڈا کے شہر وینکوور میں بنائے گئے اس باتھ روم کا اشتہار پچھلے مہینے ‘‘کریگ لسٹ’’ پر دیا گیا تھا، جو ایک بین الاقوامی کلاسیفائیڈ ویب سائٹ ہے ۔ غسل خانے کی اندرونی تصاویر بھی دی گئی ہیں جن میں ایک آرام دہ بستر بھی دیکھا جاسکتا ہے جس کے نچلے حصے میں درازیں موجود ہیں۔بستر سے کچھ فاصلے پر نہانے دھونے اور رفع حاجت کی جگہ بھی نظر آرہی ہے جو بلاشبہ بہت صاف ستھری ہے۔
سفید ماربل ٹائلوں سے بنایا ہوا یہ باتھ روم واقعتاً سادگی، خوبصورتی اور اچھوتے پن کا مجموعہ ہے لیکن کیا یہ واقعی اس قابل ہے کہ یہاں رہنے کا ماہانہ کرایہ 680 ڈالر دیا جائے ؟پاکستان میں اتنے کرائے پر پورا فلیٹ مل جاتا ہے ۔