یوکرین نے افغانستان سے طیارہ ہائی جیک ہونے کا واویلا کیا پھر تردید کر دی

Published On 24 August,2021 01:58 pm

کیف: (دنیا نیوز) یوکرین نے افغانستان سے طیارہ ہائی جیک ہونے کا واویلا کیا پھر تردید کر دی۔ یوکرین کی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ طیارہ ہائی جیک ہونے کا دعویٰ درست نہیں جبکہ ایران کا کہنا ہے کہ طیارے نے مشہد میں ری فیولنگ کے بعد کیف کی جانب اڑان بھری تھی۔

یوکرین کی وزارت خارجہ کے مطابق یوکرین کا کوئی مسافر طیارہ ہائی جیک نہیں ہوا، کابل جانے والے طیارے شہریوں کو لے کر بحفاظت واپس پہنچ چکے، میڈیا میں گردش کرنے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔

دوسری طرف بین الاقوامی میڈیا میں یوکرین کے طیارے کو ایران لے جانے کی خبریں سامنے آئیں تو ایران کا ردعمل بھی آیا۔ ایرانی سول ایوی ایشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ طیارے نے مشہد میں ری فیولنگ کے بعد کیف کی جانب اڑان بھری۔

ملک کے نائب وزیر خارجہ سے جو بیان منسوب کیا جا رہا ہے، اس میں انہوں نے کابل ائیرپورٹ میں پھنسے افراد کی مشکلات کا ذکر کیا تھا۔ یوکرین کے نائب وزیرِ خارجہ نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ اتوار کو یوکرینی طیارے پر بعض افراد نے قبضہ کر لیا تھا۔
 

Advertisement