افغان طالبان نے نئی حکومت کا اعلان کر دیا، ملا حسن اخوند سربراہ ہوں گے

Published On 07 September,2021 07:22 pm

کابل: (دنیا نیوز) افغان طالبان نے اپنی نئی حکومت کا اعلان کر دیا، ملا محمد حسن اخوند سربراہ ہوں گے۔

افغانستان کی نئی حکومت کا اعلان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کابل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

 انہوں نے کہا کہ نئی اسلامی حکومت کے قائم مقام سربراہ ملا محمد حسن اخوند ہوں گے۔ ملا عبد الغنی برادر قائم مقام نائب وزیراعظم ہوں گے، سراج الدین حقانی قائم مقام وزیر داخلہ ہوںگے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے طالبان ترجمان کا کہنا تھا کہ مولوی یعقوب مجاہد قائم مقام وزیر دفاع ہوں گے۔ ملا امیر خان متقی قائم مقام وزیر خارجہ ہوں گے۔ قاری دین محمد حنیف قائم مقام وزیر اقتصادی امور ہوں گے۔ ملا فضل اخوند افغانستان کے چیف آف آرمی سٹاف ہوں گے۔ ملا عبد الحق وثیق کو این ڈی ایس سربراہ بنایا گیا ہے۔

 

کابینہ اراکین کے نام:

1: ملا محمد حسن اخوند، وزیرِ اعظم

2: ملا عبدالغنی برادر، نائب وزیرِ اعظم

3: مولوی عبدالسلام حنفی، نائب وزیرِ اعظم

4: مولوی محمد یعقوب مجاہد، دفاع

5: ملا سراج الدین حقانی، داخلہ

6: امیر خان متقی، خارجہ

7: ملا ہدایت اللہ بدری، مالیات

8: ملا خیراللہ خیر خواہ، اطلاعات و ثقافت

9: ملا عبداللطیف منصور، پانی و بجلی

10: عبدالباقی حقانی، تعلیم

11: نجیب اللہ حقانی، برقی مواصلات

12: خلیل الرحمان حقانی، پناہ گزین افراد

13: عبدالحق وثیق، انٹیلیجنس

14: حاجی ادریس، سربراہ افغانستان بینک

15: قاری دین محمد حنیف، اقتصادیات

16: مولوی عبدالحاکم شریعہ، وزیرِ انصاف

17: نوراللہ نوری، سرحد و قبائل

18: یونس اخوندزادہ، دیہی ترقی

19: ملا عبدالمنّان عمری، عوامی بہبود

20: ملا محمد عیسیٰ اخوند، کان کنی

21: فصیح الدین، چیف آف سٹاف

22: شیر محمد عباس ستانکزئی، نائب وزیرِ خارجہ اُمور

23: مولوی نور جلال، نائب وزیرِ خارجہ

24: ذبیح اللہ مجاہد، نائب وزیرِ اطلاعات و ثقافت

25: ملا تاج میر جواد، نائب سربراہ اوّل برائے انٹیلیجنس

26: ملا رحمت اللہ نجیب، نائب سربراہ انٹیلیجنس

27: ملا عبدالحق، نائب وزیرِ داخلہ برائے انسدادِ منشیات

پریس کانفرنس کے دوران ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ ہمارے سکیورٹی اہلکاروں کو مظاہروں کو کنٹرول کرنے کا تجربہ نہیں، افغانستان میں پاکستان کی مداخلت سے متعلق پروپیگنڈا 20 سال سے چل رہا ہے۔ ہمارے معاملات میں پاکستان سمیت کسی ملک کی مداخلت نہیں ہے، کوئی ثابت نہیں کر سکتا کہ ہمارے اقدامات سے پاکستان کو فائدہ ہوا۔ ہم نے اپنی آزادی کے لیے پوری دنیا سے جنگ لڑی ہے، ہم نے طویل جنگ لڑی ہے، پنجشیر کا مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ آزادی سے متعلق حالیہ مظاہرہ قانونی نہیں، ایسے مظاہرے ہونے لگیں تو قیام امن کو نقصان ہو گا، مظاہرے ہوتے رہے تو معاملات خراب ہوں گے۔

ملا محمد حسن اخوند کون ہیں؟

وہ اس وقت طالبان کے طاقتور فیصلہ ساز ادارے رہبری شوریٰ یا لیڈر شپ کونسل کے سربراہ ہیں۔ ان کا تعلق طالبان کی جائے پیدائش قندھار سے ہے اور وہ مسلح تحریک کے بانیوں میں سے تھے۔

انہوں نے رہبری شوریٰ کے سربراہ کی حیثیت سے 20 سال تک کام کیا اور اپنے آپ کو بہت اچھی شہرت حاصل کی۔ وہ ایک فوجی پس منظر کے بجائے مذہبی رہنما ہے اور اپنے کردار اور عقیدت کے لیے جانا جاتا ہے۔ ملا حسن 20 سال تک شیخ ہیبت اللہ اخونزادہ کے قریب رہے۔

ملا حسن نے افغانستان میں طالبان کی سابقہ ​​حکومت کے دوران اہم عہدوں پر کام کیا تھا۔ وہ وزیر خارجہ تھے اور پھر نائب وزیر اعظم بنائے گئے جب ملا محمد ربانی اخوند وزیر اعظم تھے۔

ملا عبدالغنی برادر کون ہیں؟

امریکہ کے ساتھ مذاکرات میں طالبان کی جانب سے اگرچہ ایک مکمل ٹیم شامل تھی لیکن فروری 2020 کو قطر کے شہر دوحہ میں ہونے والے امن معاہدے پر دستخط ملا عبدالغنی برادر نے کیے تھے اور اس وقت وہ عالمی سطح پر نمایاں طور پر سامنے آئے تھے۔

ملا عبدالغنی برادر امارت اسلامی افغانستان کے نائب امیر ہیں اور ان کے پاس طالبان کے قطر میں قائم سیاسی دفتر کے انچارج کا عہدہ بھی ہے۔

ملا عبدالغنی برادر، ملا برادر کے نام سے بھی جانے جاتے ہیں۔ ملا برادر کا تعلق پوپلزئی قبیلے سے بتایا جاتا ہے۔ یہ قبیلہ افغانستان میں انتہائی بااثر سمجھا جاتا ہے اور سابق افغان صدر حامد کرزئی کا تعلق بھی اسی قبیلے سے ہے۔ اس قبیلے کے افراد سرحد کے دونوں جانب یعنی پاکستان کے صوبہ بلوچستان اور پشاور میں بھی آباد ہیں۔

ان کا تعلق بنیادی طور پر افغانستان کے جنوبی ضلع اورزگان سے بتایا جاتا ہے لیکن وہ کئی سال طالبان کے مرکز کے طور پر مشہور افغان صوبہ قندھار میں مقیم رہ چکے ہیں۔

ملا عبد الغنی برادر افغانستان میں طالبان کارروائیوں کی نگرانی کے علاوہ تنظیم کے رہنماؤں کی کونسل اور تنظیم کے مالی امور چلاتے تھے۔

سراج الدین حقانی کون ہیں؟

افغان طالبان کے تیسرے نائب امیر سراج الدین حقانی ہیں اور ان کا تعلق ان کے والد جلال الدین حقانی کے حقانی نیٹ ورک سے ہے۔ حقانی نیٹ ورک کے سربراہ جلال الدین حقانی کا تعلق افغانستان کے صوبہ پکتیکا سے ہے۔

Advertisement