مقبوضہ بیت المقدس کے قریب اسرائیل کا راکٹوں سے حملہ، 4 فلسطینی شہید، متعدد زخمی

Published On 26 September,2021 02:13 pm

بیت اللحم: (دنیا نیوز) مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل نے پھر جارحیت کی انتہا کر دی، معصوم فلسطینیوں کا محاصرہ کر کے فائرنگ کی اور راکٹ برسائے، چار فلسطینی شہید ہو گئے، مغربی کنارے میں ہونے والی جھڑپوں میں متعدد فلسطینی زخمی بھی ہو گئے۔

اسرائیل باز نہ آیا ، مغربی کنارے کے متعدد علاقوں پر صیہونی فورسز نے پھر حملے شروع کر دیئے۔ مقبوضہ بیت المقدس کے قریب اسرائیلی فوجیوں نے حملہ کر کے فلسطینیوں کو شہید کیا، مغربی کنارے کے شہر جنین کے قریب اسرائیلی فوج نے ایک مکان کو بھی نشانہ بنایا۔

اسرائیلی فوجیوں نے بیت عنان کے علاقے خلہ العین کا محاصرہ کر کے شدید فائرنگ کی اور راکٹ برسائے۔ مغربی کنارے میں ہونے والی جھڑپوں میں متعدد فلسطینی زخمی بھی ہوئے، اسرائیلی فوج نے جنوبی بیت اللحم سے تین نوجوانوں کو گرفتار بھی کر لیا۔

خبرایجنسی کے مطابق اسرائیل اور حماس کے درمیان مغربی کنارے میں تصادم بھی ہوا۔
 

Advertisement