گوگل کا معذور افراد کیلئے انقلابی اقدام،نئی ٹیکنالوجی متعارف کرادی

Published On 25 September,2021 09:39 pm

لاہور:(ویب ڈیسک)ٹیکنالوجی کی دنیا میں روز بروز نت نئی ایجادات دیکھنے کو ملتی ہیں جبکہ ٹیکنالوجی کی ہی مدد سے ایسے افراد کی بھی مدد کی جاتی ہے جو کہ کسی نہ کسی وجہ سے معذوری کی زندگی گزار رہے ہوتے ہیں۔

اسی چیز کو مدنظر رکھتے ہوئے گوگل نے انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے معذور افراد کے سمارٹ فون استعمال کرنے کیلئے نئی ٹیکنالوجی متعارف کروادی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق لوگ اپنی روز مرہ کی زندگی میں وائس کمانڈز یا اپنے ہاتھوں کے ذریعے فون کا استعمال کرتے ہیں۔ اگرچہ جسمانی طور پر معذور اور قوتِ گویائی سے محروم افراد کے لیے یہ ممکن نہیں ہے۔

معذور افراد کی اسی مشکل کو حل کرنے کے لئے گوگل نے انقلابی قدم اٹھاتےہوئےاس ضمن میں دو نئے فیچرز پیش کیے ہیں جس میں ‘کیمرا سوئچ’ کی مدد سے صارفین چہرے کی مدد سے سمارٹ فونز چلا سکیں گے۔

رپورٹس کے مطابق گوگل نے معذور افراد کے لئے ایسے ٹولز متعارف کرائے ہیں جن کی مدد سے جسمانی طور پر معذور افراد اپنی بھنویں اٹھا کر یا مسکرا کر ہاتھ کا استعمال کیے بغیر ہی اپنے سمارٹ فونز چلا سکتے ہیں۔

اس نئی ٹیکنالوجی کی مدد سے صارفین مسکراتے ہوئے، بھنویں اٹھا کر، منہ کھول کر یا دائیں، بائیں، اوپر اور نیچے دیکھ کر کوئی بھی آپشن منتخب کر سکتے ہیں۔

یہ ایپلی کیشن آسٹریلیا، برطانیہ، کینیڈا اور امریکہ کے گوگل پلے سٹور پر صارفین کے لیے مفت میں دستیاب ہے۔

گوگل کے یہ دو نئے ٹول مشین لرننگ اور سمارٹ فون کے فرنٹ کیمرا کی مدد سے صارفین کے چہرے کے تاثرات اور آنکھوں کی حرکت کا پتا لگاتے ہیں۔

اس کے لئے گوگل نے ‘پراجیکٹ ایکٹو’ کے نام سے ایک نئی ایپ بھی پیش کی ہے جس کے ذریعے بھی چہرے کے تاثرات استعمال کرتے ہوئے موبائل استعمال کیا جا سکتا ہے۔
 

Advertisement