برطانیہ میں پٹرول سپلائی میں خلل،فوج کی مدد لینے کی تجویز دیدی گئی

Published On 27 September,2021 10:45 pm

لندن:(ویب ڈیسک)برطانیہ میں ٹینکر ڈرائیوروں کی کمی کا بحران شدت اختیار کرتا جارہا ہے جس کے بعد وہاں پر پٹرول کی سپلائی میں میں خلل کو دور کرنے کے لئے فوج کی مدد حاصل کرنے کی تجویز دے دی گئی ہے۔

برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ چند روز سے لندن سمیت انگلینڈ کے مختلف حصوں میں پٹرول پمپوں پر گاڑیوں کی میلوں لمبی قطاریں دیکھنے کو مل رہی ہیں جس کی وجہ سے پٹرول کی سپلائی میں خلل کے باعث وہاں پر بحران پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے جبکہ پٹرول نہ ملنے کے خدشے سے پیش نظر لوگوں نے زیادہ مقدار میں خریدنا شروع کردیا ہے۔

وزیر اعظم بورس جانسن کی حکومت کے وزراء مسلسل اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ ملک میں پٹرول کی کوئی کمی نہیں صرف وقتی طور پر پٹرول پمپوں تک تیل کی ترسیل ٹینکر ڈرائیوروں کی کمی کی وجہ سے متاثر ہو رہی ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق تقریباً تمام اخبارات میں یہ خبریں شائع ہوئی ہیں کہ اس بحران سے نمٹنے کے لیے فوج کی مدد طلب کرنے کی تجویز پر غور کیا جارہا ہے جبکہ ایک وزیر نے اس خبر کی تردید کی ہے کہ حکومت ٹینکر چلانے کے لیے فوج بلا رہی ہے۔

انگلینڈ کے وزیراعظم بورس جانسن کی کابینہ کے وزیر کی تردید کے باوجود بعض اخبارات نے کہا ہے کہ جانسن اور ان کی کابینہ کے چند سینئر وزرا اس تجویز پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں۔

 

Advertisement