فرانسیسی صدر کو تھپڑ کے بعد انڈہ پڑگیا

Published On 27 September,2021 05:50 pm

پیرس:(دنیا نیوز)فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کو لیون شہر کے دورے کے دوران ہجوم میں سے کسی نے انڈہ دے مارا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق نوجوان کی جانب سے رواں سال جون میں فرانسیسی صدر کو تھپڑ رسید کردیا گیا تھا جس کے بعد اب ایمانوئل میکرون کو ہجوم میں سے کسی نے انڈہ دے مارا مگر انڈہ ٹوٹے بغیر نیچے گر گیا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ پولیس نے انڈہ پھینکنے والے نوجوان کو گرفتار کرلیا جبکہ انڈہ پھینکتے ہوئے نوجوان نے انقلاب زندہ باد کا نعرہ لگایا۔

واضح رہے کہ فرانسیسی صدر کورواں سال ہی ملک کے جنوب مشرق کے دورے کے موقع پر ایک شہری سے تھپڑ پڑ گیا تھا

ایمانوئل میکرون کو شہری سے تھپڑ پڑنے کےمنظر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔ فرنچ صدر ملک کے جنوب مشرق میں واقع ڈروم ریجن میں ایک گاؤں تائن 1 ہرمٹیج کے دورے پر تھے۔ان کی آمد سے قبل سکیورٹی حکام نے لوگوں کو ان سے دور رکھنے کے لیے رکاوٹیں کھڑی کردی تھیں۔

لیکن صدر میکرون اس کے باوجود اپنے استقبال کے لیے کھڑے مداحوں کی جانب تیزی سے بڑھ گئے اورایک شخص کے بالکل قریب پہنچ گئے۔اس نے انھیں اپنے مزید قریب کیا،ان کا ایک بازو پکڑنے کی کوشش کی اور ان کے منہ پر تھپڑ رسید کردیا۔

یہ سب کچھ اتنی تیزی سے ہوا کہ سکیورٹی اہلکاروں کو یورپ کی بڑی طاقت کے طاقتور صدر کو ایک عام شہری کے ہاتھوں یوں بے توقیر ہونے سے بچانے کا موقع ہی نہیں ملا۔ بعد میں سکیورٹی اہلکاروں نے اس نوجوان کو حراست میں لے لیا تھا۔
 

Advertisement