افغانستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی، طالبان کا امریکا کو انتباہ

Published On 29 September,2021 09:48 pm

کابل: (ویب ڈیسک) افغان طالبان نے افغانستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے پر امریکا کو خبردار کر دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر افغانستان کے نائب وزیراطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے لکھا کہ امریکا ڈرون طیاروں سے افغان فضائی حدود کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ عالمی قوانین کے تحت ہر ملک اپنی سر زمین اور فضائی حدود کا خود مختار ہوتا ہے، اسی طرح اماراتِ اسلامیہ افغان سر زمین اور فضائی حدود کی واحد قانونی نگراں ہے۔

ذبیح اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ امریکا دوحہ میں طالبان سے ہوئے معاہدے کی خلاف ورزی بھی کر رہا ہے۔ تمام ممالک خصوصاً امریکا افغانستان سے اپنا رویہ عالمی قوانین کے تحت رکھیں اور باہمی اعتماد و احترام کا رویہ اپنائیں۔
 

Advertisement