واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا نے افغانستان کے خلاف جنگ میں شکست کا باضابطہ اعتراف کر لیا، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل مارک ملی نے کہا ہے کہ افغانستان میں جنگ اسٹریٹجک ناکامی تھی، جنگ اس طرح ختم نہیں ہوئی جس طرح ہم چاہتے تھے۔
امریکی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا افغان جنگ میں شکست کا اعتراف، افغان جنگ میں اسٹریٹجک غلطیوں کو بھی تسلیم کرلیا۔
ایوان نمائندگان کی کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے جنرل مارک نے کہا کہ امریکا نے افغانستان کی 20 سالہ جنگ ہاری ہے، افغانستان میں جنگ اسٹریٹجک ناکامی تھی، جنگ میں شکست چند دن یا چند ماہ میں نہیں ہوئی، اسٹریٹجک فیصلوں کا مجموعی اثر پڑتا ہے۔
جنرل مارک ملی نے کہا کہ افغانستان میں جنگ اس طرح ختم نہیں ہوئی جس طرح ہم چاہتے تھے، افغانستان سے انخلا کے دوران ہماری حکمت عملی ناکام رہی، 15 اگست کو ملا برادر سے ملاقات کی اور کہا رخنہ نہ ڈالیں لیکن تب تک دیر ہوچکی تھی، 15 اگست کی ملاقات تک کابل پر طالبان کا قبضہ ہوگیا تھا۔