ٹوکیو:(ویب ڈیسک) پرندوں کی بھرمار ،موسم کی خرابی، تکنیکی یا سکیورٹی مسائل کی وجہ سے ہوائی اڈوں پر پروازوں کے تاخیر کا شکار ہونے بارے تو آپ نے متعدد مرتبہ سن رکھا ہوگا مگر اب جاپان میں ایک کچھوا پانچ پروازوں میں تاخیر کی وجہ بن گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جاپان میں ایک کچھوا دنیا کے دوسرے مصروف ترین ہوائی اڈے پر پانچ پروازوں میں تاخیر کی وجہ بنا ہے جس پر اخبارات میں بھی اس کی خبریں شائع ہوئی ہیں۔
ہواکچھ یوں کہ کچھوے جس کا وزن صرف 2 کلو گرام تھا کو ٹوکیو کے قریب ناریتا بین الاقوامی ہوائی اڈے کے رن وے پر آہستہ آہستہ رینگتے دیکھا گیا، کچھوے کو دیکھنے کے بعد ٹیک آف کے لیے تیار ایک طیارے کے ہواباز نے ایئر ٹریفک کنٹرول کو کال کرکے مطلع کیاتو انہوں نے رن وے کو صاف کرنے کے لیے عملہ بھیجا۔
This is the turtle that wandered onto the runway at Narita airport yeah, halting the flight of a turtle painted aircraft
— Spoon & Tamago (@Johnny_suputama) September 25, 2021
pic.twitter.com/5ZdB2oAELO
عملے کی جانب سے کچھوے کو ہٹایا گیا اور 4ہزار میٹر رن وے کو دیگر غیر مشکوک اشیا کو چیک کیا جس میں 15منٹ لگے اور پانچ پروازیں تاخیر کا شکار ہوگئیں۔
فضائی کمپنیوں نے کچھوے کے رن وے پر آنے اور پروازوں کی تاخیر کو نظر انداز کرتے ہوئے کہا کہ کچھوے کا سامنے آنا خوش قسمتی کی علامت ہے۔ اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ آنے والے دنوں میں فضائی سروس کا مستقبل روشن ہے۔
ان طیاروں میں سے ایک آل نپون ایئر ویز کا ایئربس اے 380 تھا جس کے بیرونی حصے پر نیلے سمندری کچھوے کا ڈیزائن بنایا گیا تھا۔
جاپانی اخبار نے لکھا کہ ہوائی اڈے کے کارکنوں کو کبھی کبھار رن وے سے آوارہ بلیوں، کتوں اور خرگوشوں کو ہٹانے کے لیے بلایا جاتا تھا لیکن کچھوے بہت کم رن وے پر ہوتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہوائی اڈے کے اہلکار نے بتایا کہ کچھوے نے رن وے کے قریب ٹینک سے رینگتے ہوئےخود کو دھوپ میں لانے کی کوشش کی تھی کیونکہ چند روز قبل موسم نسبتا گرم تھا۔
ہوائی اڈے کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ یہ معلوم کریں گے کہ یہ کس قسم کا کچھوا تھا اور فیصلہ کریں گے اسے اس کے قدرتی مسکن میں واپس لایا جا سکتا ہے یا نہیں۔
خیال کیا جاتا ہے کہ کچھوا ہوائی اڈے کے سٹوریج ٹینک سے آیا ہو گا جو رن وے سے تقریبا 100 میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔