ٹوکیو : (ویب ڈیسک) جاپان کے میئر نے اولمپکس 2020 میں سونے کا تمغہ جیتنے والی ایتھلیٹ کا گولڈ میڈل چبا کر خراب کردیا۔ جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جاپان کے شہر ناگویا سے تعلق رکھنے والی ایتھلیٹ میو گوٹو سافٹ بال میں فتح کا سہرا گلے میں سجائے اپنے شہر پہنچیں تو ان کے اعزاز میں ایک تقریب کا انعقاد کیاگیا۔
شہر کے میئر بھی تقریب میں شریک تھے جہاں انہیں ایتھلیٹ نے اپنا گولڈ میڈل احتراماً پہنایا، جسے انہوں نے ازراہ مذاق اپنے دانتوں سے چبا ڈالا۔
میئر تاکاشی کے اس اقدام پر سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے شدید تنقید کی جارہی ہے جس پر میئر نے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ میڈل کو کوئی نقصان نہیں پہنچا پھر بھی وہ معذرت چاہتے ہیں۔ اس سارے واقعے کے بعد انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے تعاون اور فاتح ایتھلیٹ گوٹو کی خواہش پر انہیں نیا تمغہ دے دیا گیا ہے۔
اکثر دیکھا گیا ہے کہ ایتھلیٹ جیتنے کے بعد جذباتی ہوکر میڈل دانتوں میں چبالیتے ہیں یا چاٹنے لگتے ہیں، اس مرتبہ ٹوکیو اولمپکس 2020 کی انتظامیہ نے کھلاڑیوں سے گزارش کی تھی وہ میڈل کو نہ چبائیں کیوں کہ یہ میڈل جاپانی عوام کے عطیہ کردہ ری سائیکل برقی آلات سے تیار کیے گئے ہیں۔