بھارتی وزیر کے قافلے میں شامل گاڑی نے مظاہرین کو روند ڈالا، جھڑپوں میں کسانوں سمیت 8 افراد ہلاک

Published On 04 October,2021 02:03 pm

نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارت میں جاری کسان احتجاج میں پھر کشیدگی بڑھ گئی، اتر پردیش میں بھارتی وزیر مملکت داخلہ کے قافلے میں شامل گاڑی نے کسان مظاہرین کو روند ڈالا، گاڑی کے کچلنے سے 4 کسان ہلاک جبکہ تصادم میں 4 کار سوار ہلاک ہو گئے۔

مودی سرکار کسان دشمنی میں اندھی ہو گئی، اتر پردیش کے شہر لیکھم پور میں بھارتی وزیر مملکت داخلہ کے کانوائے میں شامل گاڑی نے 4 کسان مظاہرین کو کچل دیا، کسانوں کی ہلاکت کے بعد تصادم کے نتیجے میں چار کار سوار بھی مارے گئے، مرکزی وزیر مملکت داخلہ اجے کمار مشرا نے کچھ دن پہلےکسانوں کو سدھر جاؤ ورنہ سدھار دینے کی دھمکیاں بھی دی تھی۔

اجے کمار مشرا نے کسانوں کےخلاف ایف آر درج کرنے کا اعلان بھی کیا ہے، دوسری جانب پریانکا گاندھی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’اس سے ثابت ہوتا ہے کہ بی جے پی کسانوں سے کتنی نفرت کرتی ہے، اگر وہ آواز اٹھائیں گے تو کیا انھیں گاڑی سے روندیں گےِ؟ راہول گاندھی نے ٹویٹ کیا کہ وہ اس قربانی کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔