بھارت میں کسانوں کو گاڑی تلے روندنے کیخلاف پنجاب سے اترپردیش تک احتجاجی مارچ

Published On 07 October,2021 03:37 pm

نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارت میں کسانوں کو گاڑی تلے روند کر ہلاک کرنے کے معاملے پر پنجاب سے اترپردیش تک مارچ کیا جا رہا ہے، کانگریس لیڈر نوجوت سنگھ سدھو کی قیادت میں ہزاروں افراد نے قاتلوں کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔

پرامن احتجاج کرنیوالے کسانوں کو وزیر کی گاڑی نے کیوں روند ڈالا، بھارت میں عوام سراپا احتجاج بن گئے۔ اترپردیش کے ضلع لکھیم پور میں ہونے والے بدترین ظلم کے خلاف پنجاب اور ہریانہ کے ہزاروں کسان ریلی میں شریک ہوئے، ریلی میں شریک افراد نے مودی کے خلاف شدید نعرے بازی کی، سیکڑوں گاڑیوں پر مشتمل ریلی موہالی سے لکھیم پورپہنچے گی۔

کانگریس لیڈر نوجوت سنگھ سدھو ریلی کی قیادت کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ اگر یونین منسٹر کے بیٹے کو گرفتار نہ کیا گیا تو بھوک ہڑتال کریں گے، انہوں نے مزید کہا کہ کیا یونین منسٹر اور اس کا بیٹا قانون سے بڑا ہے۔ مارچ کو روکنے کے لیے حکومت نے جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کر دی ہیں۔

لکھیم پور میں کانگریس رہنما راہول اور پریانکا گاندھی نے مرنے والے کسانوں کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔
 

Advertisement