برسلز:(دنیا نیوز)یورپی یونین اور بیلاروس کے درمیان پناہ گزینوں کے معاملے پرنیا تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بیلاروس کی سرحد سے سینکڑوں پناہ گزینوں کی پولینڈ میں داخل ہونے کی کوشش کو روکنے کے لئے وارسا نے سرحد پر فورسز کی تعداد بڑھا دی ہے۔
پناہ گزینوں نے دونوں ممالک کی سرحد پر نصب باڑ توڑ ڈالی اور زبردستی پولینڈ میں گھسنے کی کوشش کی
سینکڑوں پناہ گزینوں اور پولینڈ کی بارڈر فورسز میں جھڑپیں ہوئیں جبکہ مہاجرین کوروکنے کے لئے بارڈر فورسز نے شیلنگ کی۔
بیلاروس نے پولینڈ کو اشتعال انگیزی سے گریز کی وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ وارسا نہتے پناہ گزینوں کے خلاف طاقت کے استعمال سے باز رہے۔
بیلاروس کے مطابق مزید کئی ہزار پناہ گزین یورپ کی سرحد کی جانب رواں دواں ہیں جبکہ یورپی یونین نے الزام لگایا ہے کہ بیلاروس پابندیوں کا انتقام لینے کے لئے جان بوجھ کر پناہ گزینوں کو پولینڈ میں دھکیل رہا ہے۔
یاد رہے کہ یورپ کے اکثر ممالک نے بیلاروس کے صدر پر انتخابات میں دھاندلی کا الزام لگا کر پابندیاں عائد کردی تھیں۔