متحدہ عرب امارات کی شہزادی ہند نے بھارتی نیوز اینکر کو دہشتگرد قرار دیدیا

Published On 22 November,2021 11:40 pm

دبئی:(ویب ڈیسک)متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی شہزادی ہند بنت فیصل القاسمی نے بھارتی نیوز اینکر سدھیر چودھری کو دہشتگرد قرار دے دیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شہزادی ہند کی جانب سے ایک پوسٹ شیئرکی گئی جس میں انہوں نے بھارتی اینکر سدھیر چودھری کو دبئی میں ایک تقریب میں مدعو کرنے پر انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک دہشت گرد کو کیوں بلایا گیا ہے۔

شہزادی ہند بنت فیصل القاسمی کی جانب سے مزید کہا گیا کہ سدھیر چودھری ایک ہندو دائیں بازو کے اینکر ہیں جو اپنے گہرے اسلامو فوبک شوز کے لیے جانا جاتا ہے جو ہندوستان کے 200 ملین مسلمانوں کواپن نفرت انگیز مہم کے ذریعے نشانہ بناتا ہے۔ ان کے بہت سے پرائم ٹائم شوز نے ملک بھر میں مسلمانوں کے خلاف حقیقی دنیا کے تشدد میں براہ راست تعاون کیا ہے۔

انہوں نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا کہ 2019 اور 2020 میں سدھیر چوہدری نے زی نیوز پر شوز چلائے جہاں اس نے شہریت مخالف مظاہروں کی قیادت کرنے پر مسلمانوں کے خلاف زہر اگلا۔ اس نے شاہین باغ، نئی دہلی اور ملک کے دیگر حصوں میں شہریت کے احتجاج کی قیادت کرنے پر مسلم طلباء اور خواتین کو نشانہ بناتے ہوئے فرضی کہانیاں چلائیں۔

یاد رہے کہ بھارتی اینکر سدھیر چودھری نے دبئی میں انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف انڈیا کی دعوت پر ایکسپو 2020 میں شرکت کی تھی۔
 

 

Advertisement