برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن ایک اور سکینڈل کی زد میں آگئے

Published On 11 January,2022 06:01 pm

لندن:(دنیا نیوز) برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن ایک اور سکینڈل کی زد میں آگئے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق گزشتہ سال جب پوری قوم کورونا ایس او پیز کے تحت تقریبات پر پابندیوں سے دوچار تھی تو ایسے میں ٹین ڈاؤننگ سٹریٹ میں آؤٹ ڈور پارٹی منعقد کی گئی جس کی سکاٹ لینڈ یارڈ مبینہ غیر قانونی تقریب کی تحقیقات کر سکتا ہے۔

برطانوی میڈیا پر ایک ای میل منظر عام پر آئی ہے جس کے مطابق گزشتہ سال مئی میں وزیر اعظم ہاؤس کے باغ میں پارٹی کا اہتمام کیا گیا ، پارٹی میں بورس جانسن ، ان کی اہلیہ اور 40 سے زائد دیگر افراد شریک ہوئے جبکہ اُس وقت برطانیہ میں 2 سے زیادہ افراد کے اجتماع پر پابندی عائد تھی ۔
یہ خبر سامنے آنے کے بعد برطانوی میڈیا میں ہلچل مچ گئی اورعوام پر عائد پابندیوں کی خود پیروی نہ کرنے پر برطانوی وزیر اعظم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے جبکہ خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسکاٹ لینڈ یارڈ مبینہ غیر قانونی پارٹی کی تحقیقات پر غور کر رہا ہے ۔
 

Advertisement