کیف: (دنیا نیوز) یوکرین اور روس کا محاذ گرم ہے، یوکرین نے مسئلے کے جنگ کی بجائے سفارتی حل کا امکان ظاہر کیا ہے، فرانس اور برطانیہ کے سربراہان نے بھی مزید مذاکرات پر زور دیا ہے، امریکی ہتھیاروں کی ایک اور کھیپ یوکرین پہنچ چکی ہے۔
جنگ کا امکان کم ہونے لگا اب سفارتی حل کی امید لگائی جا رہی ہے،یوکرین کے صدارتی محل نے کشیدگی کی فضا میں حوصلہ افزا بیان جاری کر دیا۔ کہا حقیقت تو یہ ہے کہ روس کے ساتھ کشیدگی کا حل نکلنے کی امید زیادہ ہے۔ فرانسیسی صدر میکرون کا برطانوی ہم منصب کے ساتھ ٹیلی فونک رابطہ بھی ہوا، دونوں رہنماؤں نے کشیدگی کے حل کے لئے مزید مذاکرات پر زور دیا۔
روس نے بیلاروس کے ساتھ جنگی مشقوں کے لئے جدید ترین طیارے سخوئی لڑاکا طیارے بھی بھیج دیئے جو زمینی افواج کی مدد کے لئے تیار ہوں گے۔ بیلاروس میں موجود روسی افواج کی سیٹلائٹ تصاویر بھی منظر عام پر آ گئیں۔
یوکرین کو امریکا کی جانب سے جنگی ساز وسامان کی ایک اور کھیپ مل گئی، امریکی طیاروں نے کیف میں دفاعی سامان یوکرین اتھارٹیز کے حوالے کیا۔