سلامتی کونسل اجلاس، روس اور امریکا کی ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ

Published On 01 February,2022 10:12 pm

نیویارک:(دنیا نیوز) یوکرین کے معاملے پر سلامتی کونسل کے اجلاس میں روس اور امریکا نے ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ کردی، ماسکو نے بیلاروس میں مشترکہ جنگی مشقوں کے لئے کیمپ قائم کردیا جبکہ جوبائیڈن نے ایک بار پھر روس کے ممکنہ حملے کا بھرپور جواب دینے کا اعلان کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلامتی کونسل میں امریکی سفیر برائے اقوام متحدہ نے ماسکو کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا یوکرین پر حملے کی دھمکی دے کر روس اشتعال انگیز ی کررہا ہے، حملہ کیا تو ماسکو کو بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

روس کے نمائندے نے اشتعال انگیزی کا ذمہ دار امریکا اور اتحادیوں کو قرار دیتے ہوئے کہا مغربی ممالک خود کشیدگی کو ہوادے رہے ہیں، انکے رویہ سے لگتا ہے کہ یہ لوگ جنگ کے خواہاں ہیں، امن چاہتے ہیں تو مذاکرات کے ذریعہ مسائل حل کریں۔

ادھر روسی افواج نے بیلاروس کے ساتھ جنگی مشقوں کے لئے کیمپ قائم کردیا ہے، 10 سے 20 فروری تک فوجی مشقیں جاری رہیں گی ۔

امیر قطر کے وائٹ ہاؤس کے دورے کے دوران صدر جوبائیڈن نے کہا کہ روس جو مرضی قدم اٹھائے امریکا جواب دینے کو تیار ہے۔
 

Advertisement