یوکرینی شہر میریو پول کا محاصرہ سخت، روس نے امریکا کو راکٹ انجن کی فراہمی روک دی

Published On 03 March,2022 06:56 pm

ماسکو:(دنیا نیوز) روسی افواج نے یوکرین کے ساحلی شہر میریو پول کا محاصرہ سخت کردیا ہے اور روس نے پابندیوں پر رد عمل دیتے ہوئے امریکا کو راکٹ انجن کی فراہمی روک دی ہے۔

یوکرین کے شہر خیرسون کے بعد میریو پول کی باری، روسی افواج نے ساحلی شہر کا محاصرہ سخت کردیا اور میریو پول کی بندرگاہ پر قبضے کے لیے شدید لڑائی جاری ہے۔

یوکرینی افواج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ روسی افواج میریو پول کو لینن گراڈ بنانا چاہتے ہیں۔

دارالحکومت کیف کے مئیر کا کہنا ہے کہ شہر ان کے کنٹرول میں ہیں، 24 گھنٹے کےدوران شہر میں کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے یوکرین کے لیے بڑے امدادی پیکج کا اعلان کردیا اور بائیڈن انتظامیہ نے کانگریس کو فوری 10 ارب ڈالر منظور کرنے کی درخواست کردی ہے، کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے مزید ساڑھے 22 ارب ڈالر یوکرین کو فراہم کیے جائیں گے۔

جنوبی کوریا نے یوکرین کے لیے 1 کروڑ ڈالر امداد کر اعلان کردیا، جرمنی نے بھی یوکرین کو مزید ہتھیار فراہم کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے۔

دوسری جانب برطانیہ اب تک روسی اشرافیہ پر پابندیاں عائد کرنے سے قاصر ہے، برطانوی میڈیا کے مطابق نیشنل کرائم ایجنسی روسی اشرافیہ کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت فراہم نہ کرسکی۔

ادھر روس نے پابندیوں پر رد عمل دیتے ہوئے امریکا کو راکٹ انجن کی فراہمی روکتے ہوئے خراب راکٹ انجنوں کی مرمت بھی نہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

خیال رہے کہ روس نوے کی دہائی سے امریکی خلائی پروگرام کو راکٹ انجن فراہم کرتا رہا ہے۔

روسی حکومت نے یوکرین میں لڑنے والے فوجیوں کو ہیرو قرار دیتے ہوئے بیان میں کہا گیا کہ یوکرین میں روسی فوجیوں کو ہٹلر کے خلاف لڑنے والے فوجیوں کے ساتھ یاد کیا جائے گا۔

کریملن کے مطابق روس میں مارشل لاء کے نفاذ کا کوئی امکان نہیں ہے۔