یوکرین غیر ملکی جنگجوؤں کا پسندیدہ ترین مقام بن گیا

Published On 07 March,2022 10:58 pm

کیف:(دنیا نیوز) یوکرین غیر ملکی جنگجوؤں کا پسندیدہ ترین مقام بن گیا، امریکا، کینیڈا اور برطانیہ سے سابق فوجی اور دیگر جنگجو بڑی تعداد میں جنگ زدہ ملک پہنچنے لگے۔

یوکرین میں افراتفری اور خانہ جنگی کی تیاریاں عروج کو پہنچ گئیں، غیر ملکی مسلح جنگجو جوق در جوق یوکرین پہنچنے لگے جبکہ مغربی ممالک نے عالمی قوانین کی خلاف ورزی پر آنکھیں موندھ لی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا، برطانیہ اور کینیڈا سے ہزاروں جنگجو یوکرین کا رخ کر رہے ہیں، جہاں وہ روس کے خلاف مزاحمت میں یوکرینی فوج کا ساتھ دیں گے، ان جنگجوؤں میں امریکا اور برطانیہ کے سابق فوجی بھی شامل ہیں جو اس سے پہلے عراق کی جنگ میں حصہ لے چکے ہیں، یہ جنگجو جدید اسلحہ سے لیس ہیں اورروس کے ساتھ براہ راست لڑائی میں حصہ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

خیال رہے کہ اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل سے 2014 میں منظور ہونے والی دو قرار دادوں میں کسی اور ملک میں جا کر مسلح جدوجہد کا حصہ بننا غیر قانونی قرار دیا گیا تھا، لیکن امریکا، برطانیہ اور دیگر مغربی ممالک نے عالمی قوانین کی خلاف ورزی پر چپ سادھ لی ہے۔
 

Advertisement