روس نے پابندیاں لگائیں تو مغربی ممالک کو سخت دشواری اٹھانا پڑے گی: پیوٹن

Published On 10 March,2022 01:12 pm

ماسکو: (ویب ڈیسک) روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے کہا ہے کہ اگر ماسکو نے جوابی پابندیاں عائد کیں تو مغربی ممالک کو سخت دشواری اور تکالیف کا سامنا کرنا پڑے گا۔

رپورٹ کے مطابق ماسکو کا کہنا ہے کہ مغربی ممالک پر پابندیاں عائد کرنے کیلئے صورتحال کا بھرپور جائزہ لے رہے ہیں جو یورپ پوری شدت سے محسوس کرے گا۔

روس کی جانب سے پہلے ہی خبردار کیا جا چکا ہے کہ اگر یورپ نے روس کے خام تیل پر پابندی لگائی تو عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت 300 ڈالر فی بیرل تک پہنچ سکتی ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ تیل کی قیمت مزید بڑھنے سے دنیا بھر کی معیشت متاثر ہو گی اور پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کیلئے یہ زبردست معاشی دھچکا ثابت ہو گا۔

واضح رہے کہ روس اس وقت دنیا بھر میں سب سے زیادہ پابندیوں کا شکار ملک ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق روس پر 22 فروری تک 2 ہزار 750 پابندیاں عائد تھیں، یوکرین پر حملے کے نتیجے میں روس پر مزید 2 ہزار 778 پابندیاں لگا دی گئیں، اس طرح روس 5 ہزار 532 پابندیوں کا سامنا کرنے والا دنیا کا پہلا ملک بن چکا ہے۔
 

Advertisement