کابل: (ویب ڈیسک) افغان طالبان نے طالبات کے لیے آج سے ہائی سکول دوبارہ کھولنے کاحکم واپس لے لیا۔
افغان وزارت تعلیم نے لڑکیوں کے تمام ہائی سکول آج سے کھولنے کا اعلان کیاتھا لیکن آج صبح جب طالبات اسکول پہنچیں تو انہیں گھر واپس لوٹ جانے کا حکم دیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان وزارت تعلیم نے طالبات کے لیے ہائی سکول تاحکم ثانی بند رکھنے کا نوٹس جاری کر دیا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اسلامی قانون اور افغان ثقافت کے مطابق منصوبے کی تیاری تک لڑکیوں کے ہائی اسکول اگلے حکم تک بند رہیں گے۔
خبر ایجنسی کا کہنا ہے افغان وزارت تعلیم نے طالبات کے لیے ہائی سکول کی بندش پر ردعمل سے گریز کیا ہے تاہم افغانستان میں اقوام متحدہ کے امدادی مشن نے گرلز ہائی اسکولوں کی بندش کی مذمت کی ہے۔
اس حوالے سے قطر میں موجود امریکی ناظم الامور برائے افغانستان نے کہا کہ افغانستان میں گرلز ہائی سکولوں کی بندش مایوس کن ہے، طالبان کی یقین دہانیوں اور بیانات میں تضاد ہے۔