بگوٹا: (دنیا نیوز) کولمبیا میں سابق صدر ایوان ڈیوک کے خلاف عوامی بغاوت کو ایک سال مکمل ہونے پر ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔ مظاہرین نے پولیس پر پتھروں اورپٹرول بموں سے حملہ کر دیا، فورسز نے منتشر کرنے کیلئے شیلنگ اور فلیش بم برسائے۔
سابق صدرکے خلاف عوامی بغاوت کو ایک سال مکمل، کولمبیا کے متعدد شہروں میں پرتشدد مظاہرے پھوٹ پڑے، مظاہرین کی پولیس کے ساتھ جھڑپوں پر سڑکیں میدان جنگ کا منظرپیش کرنے لگیں، احتجاج کرنے والوں نے فورسزپر پتھراؤ کیا اور پٹرول بم پھینکے۔
پولیس نے مظاہرین کو منتشرکرنے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ کی، فلیش بموں اور واٹرکینن کا بھی آزادانہ استعمال ہوا۔ حکام کے مطابق مظاہروں میں 3اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے، پولیس نے 13 افراد کو گرفتار کرلیا، گزشتہ برس پرتشدد مظاہروں میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 46 افراد ہلاک ہوئے تھے۔