نئی دہلی:(دنیا نیوز) ہندو انتہا پسند جماعت بی جے پی کی ترجمان کا رحمت اللعالمین حضرت محمد ﷺ سے متعلق ہتک آمیز بیان مودی سرکار کے گلے پڑ گیا، عمان کے مفتی اعظم نے بھارتی مصنوعات کے بائیکاٹ کی اپیل کر دی، قطر نے بھارتی سفیر کو طلب کر لیا، مشرق وسطیٰ میں شدید رد عمل آنے پر بی جے پی نے نوپور شرما کی پارٹی رکنیت معطل کردی، بی جے پی دلی کے ترجمان نوین کمار کو پارٹی سے ہی نکال دیا گیا۔
بھارتی ٹی وی پر پیغمبر اسلام ﷺ سے متعلق ہتک آمیز بیانات کا معاملہ، مشر وسطیٰ کے مسلمانوں نے ہندو انتہا پسند جماعت بی جے کو چھٹی کا دودھ یاد دلا دیا۔
بی جے پی کی ترجمان نو پور شرما نے ایک ٹی وی پروگرام میں رسول پاک ﷺ سے متعلق ہتک آمیز بیان دیا، بی جے پی دلی کے ترجمان نوین کمار گستاخانہ رویہ سوشل میڈیا پر دہراتا رہا، سوشل میڈیا پر شدید رد عمل آیا تو عمان کے مفتی اعظم نے بھارتی مصنوعات کے بائیکاٹ کی اپیل کردی۔
مشرق وسطیٰ سے شروع ہونے والا ہیش ٹیک، #إلا_رسول_الله_يا_مودی عرب ممالک کے ساتھ پاکستان اور بھارت میں بھی ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔
سفارتی محاذ پر بھارت کو کاری ضرب لگی، قطر نے بھارتی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کر کے ترجمان کے بیان پر وضاحت مانگ لی، مشر وسطیٰ میں شدید رد عمل دیکھ کر مودی سرکار کے ہاتھوں کے طوطے اڑ گئے، بی جے پی نے اپنی ترجمان نوپور شرما کی پارٹی رکنیت معطل کردی، پارٹی کے دلی ونگ کے ترجمان نوین کمار کو پارٹی سے ہی نکال دیا گیا۔
بھارت سے مسلمانوں کا نام و نشان مٹانے کے دعویدار بی جے پی رہنما تمام مذاہب کی عزت و وقار کا خیال رکھنے کے بھاشن دینے لگے لیکن پانی سر سے اونچا ہوچکا ہے، مقبوضہ جموں کشمیر کے سابق کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ بی جے پی کو بھارت کے لاکھوں مسلمانوں کے جذبات سے کوئی لینا دینا نہیں، یہ بیان بین الاقوامی سامعین کے لیے ہے۔