جی سیون ممالک کا روس پر مزید پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ

Published On 27 June,2022 09:54 pm

برلن:(دنیا نیوز) جی سیون ممالک نے یوکرین کی امداد جاری رکھنے اور روس پر مزید پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

یوکرین پر روسی بمباری میں ایک با پھر تیزی آگئی، آج بھی یوکرین کے مختلف مقامات پر میزائل داغے گئے، شاپنگ مال پر میزائل گرنے سے 10 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہوگئے۔

روس نے یوکرین پر بمباری تیز کردی، مشرقی یوکرین میں متعدد مقامات پر میزائل برسادیے، میزائل گرنے کے باعث ایک شاپنگ مال آگ کی لپیٹ میں آگیا، ایک میزائل خارکیف شہر میں پرائمری سکول پر گرا، رات کا وقت ہونے کے باعث سکول خالی تھا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

اُدھر جرمنی میں جی سیون کا تین روزہ اجلاس جاری ہے، یوکرین کے صدر زیلنسکی نے جی سیون اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
دوسرے روس جاری اعلامیہ میں یوکرین کی امداد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا، اعلامیہ میں کہا گیا کہ جنگ چاہے جتنی طویل ہوجائے یوکرین کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے، اجلاس میں روس کی آمدنی میں مزید کمی لانے کے لیے اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔

پولینڈ میں روسی فوج سے چھینے گئے ٹینکوں اور دیگر فوجی ساز وسامان کی نمائش کی گئی، شہریوں کی بڑی تعداد نے روسی ہتھیاروں کے ساتھ تصاویر بنائی اور یوکرینی فوج کی بہادری کو سراہا۔
 

Advertisement