مکہ مکرمہ: (ویب ڈیسک) سعودی وزارت برائے حج و عمرہ نے عازمین کو سروس فراہم کرنے والی ایک کمپنی کے چیف ایگزیکٹو اور اعلیٰ عہدیدار کو برطرف کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی نے وزارت حج و عمرہ کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ عازمین کو مناسب سروس فراہم کرنے میں ناکامی پر کمپنی کے عہدیداروں کو برطرف کر دیا گیا ہے، یہ فیصلہ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ساتھ مل کر کیا گیا۔
وزارت برائے حج و عمرہ کی موقع پر موجود ٹیموں نے مذکورہ کمپنی کی جانب سے ناقص سروس کی فراہمی کی نشاندہی کی تھی۔
وزارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ برطرف ہونے والے عہدیداروں کی تحقیقات کی جائیں گی، حج کے دوران مختلف کمپنیوں کی جانب سے فراہم کردہ سروسز کی نگرانی کی جاتی ہے تاکہ معیاری اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔
حج و عمرہ کی وزارت کی جانب سے تمام خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی جاتی ہے اور فوری طور پر ان سے نمٹا جاتا ہے، عازمین کو فراہم کردہ سروس میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں برداشت کی جائے گی۔