آرمی چیف کو سعودی عرب کے اعلی ترین اعزاز کنگ عبدالعزیز میڈل سے نواز دیا گیا

Published On 26 June,2022 11:00 am

ریاض: (دنیا نیوز) سعودی عرب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو "کنگ عبدالعزیزمیڈل آف ایکسیلینٹ کلاس" سے نواز دیا گیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سعودی عرب کے دورے کیلئے جدہ پہنچے جہاں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ان کا استقبال کیا۔

سعودی ولی عہد شہزادہ نے آرمی چیف سے ملاقات کی جس کے دوران  دو طرفہ تعلقات، خاص طور پر عسکری شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز، نائب وزیر دفاع سمیت سعودی چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل فیاض الرویلی اور دونوں جانب کے کئی سینئر حکام نے شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کیساتھ تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ ملاقات میں دونوں ملکوں کے مابین مشترکہ مشقوں میں دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا جبکہ برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

وزیراعظم کی آرمی چیف کو کنگ عبدالعزیز میڈل نوازے جانے پر مبارکباد

 وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کو سعودی عرب کی جانب سے کنگ عبدالعزیز میڈل نوازے جانے پر مبارکباد دی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا ٹویٹر پیغام میں کہنا تھا کہ یہ عوام اور مسلح افواج کیلئے بہت بڑا اعزاز ہے، سعودی عرب کی سلامتی کو پاکستان کی سلامتی تصور کرتے ہیں، دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

Advertisement