اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور چین کی اعلیٰ فوجی قیادت کی بیجنگ میں ملاقات ہوئی، پاکستانی وفد کی قیادت آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کی۔ ملاقات کے دوران عالمی اور علاقائی سکیورٹی کی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وفد نے نو سے بارہ جون تک چین کا دورہ کیا اور چینی عسکری اور حکومتی حکام سے تفصیلی بات کی، جنرل قمرجاوید باجوہ کی سربراہی میں وفد نے پاک چائنہ جوائنٹ ملٹری کوآپریشن کمیٹی اجلاس میں بھی شرکت کی، اجلاس میں بین الاقوامی و علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر غور اور دفاعی تعاون پر اطمینان کا اظہارکیا گیا ۔
کمیٹی اجلاس میں اسٹرٹیجک شراکت داری جاری رکھنے اور باہمی مفاد کے تناظر میں وفود کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا گیا، اس موقع افواج کے درمیان تربیت، ٹیکنالوجی اور انسداد دہشت گردی کے شعبہ میں تعاون بڑھانے کے عزم کا بھی اظہارکیا گیا۔