راولپنڈی: (دنیا نیوز) اطالوی مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس سٹاف نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے اطالوی مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس ایڈمرل گوئسپے کاوو ڈراگونے نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور تربیتی امور سمیت انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں فوجی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان اٹلی کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان کثیر النوعیت تعلقات بالخصوص مضبوط دفاعی تعاون کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔
اطالوی چیف آف ڈیفنس سٹاف نے پاکستانی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔
انہوں نے علاقائی استحکام میں پاکستان کے کردار کی بھی تعریف کی اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔