کابل: (دنیا نیوز) امریکا اور طالبان کے درمیان دوحا معاہدے کے تحت قیدیوں کا تبادلہ ہوا، سینئر رہنما کے بدلے طالبان نے امریکی انجینئر کو رہا کر دیا، امریکی صدر جو بائیڈن نے تبادلے کی تصدیق کر دی۔
افغان وزارت خارجہ کے مطابق قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی نے کابل ایئر پورٹ پر امریکی شہری مارک فریرچس کو امریکی حکام کے حوالے کیا۔
امریکی اہلکاروں نے طالبان رہنما حاجی بشیر نورزئی کو طالبان کے حوالےکیا، امریکی انجینئر مارک فریرچس کو فروری 2020 میں اغوا کیا گیا تھا، ان کی رہائی کے بدلے حاجی بشیر نورزئی کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا تھا، حاجی بشیر نورزئی منشیات سمگلنگ کے الزام میں 17 سال سے امریکی جیل میں قید تھے۔