جدہ:(دنیا نیوز) امریکی صدر جوبائیڈن مشرق وسطیٰ کے دورے کے اگلے مرحلے میں سعودی عرب پہنچ گئے، شاہی محل پہنچنے پر ولی عہد محمد بن سلمان نے استقبال کیا۔
جو بائیڈن کا بطور صدر سعودی عرب کا پہلا دورہ، اسرائیل اور فلسطین میں دو روز گزار کر جمعہ کو جدہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے تو ان کا پر تپاک استقبال کیا گیا۔
جدہ کے السلام محل میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ان کو خوش آمدید کہا، بعد ازاں صدر بائیڈن نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز سے ملاقات کی، ولی عہد محمد بن سلمان بھی ملاقات میں موجود تھے۔
سعودی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ملاقات میں دو طرفہ امور اور خطےکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
خیال رہے کہ صدر بائیڈن سعودی فرمانروا کی دعوت پر سعودی عرب کا دورہ کر رہے ہیں، وہ امریکا عرب مشترکہ سربراہ کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔