افغان طالبان حکومت کا روس سے تیل، گیس اور گندم خریدنے کا معاہدہ

Published On 28 September,2022 02:26 pm

کابل: (دنیا نیوز)افغان طالبان اور روس کے مابین تیل کی مصنوعات، گیس اور گندم کی ترسیل کا عارضی معاہدہ طے پا گیا ہے، روس نے افغانستان کو یہ اشیاء رعایتی قیمت پر دینے کی پیشکش کی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق افغان تجارت اور صنعت کے وزیر حاجی نورالدین عزیزی کا کہنا ہے کہ افغان طالبان اور روس کے مابین تیل کی مصنوعات، گیس اور گندم کی ترسیل کا عارضی معاہدہ ہوگیا ہے۔

معاہدے کے تحت روس افغانستان کو 10لاکھ ٹن پیٹرول ،10لاکھ ٹن ڈیزل 5لاکھ ٹن ایل پی جی اور 20لاکھ ٹن گندم سالانہ فراہم کریگا، افغان وزیر کا کہنا ہے کہ روس نے طالبان کو یہ اشیاء رعایتی قیمت ہر فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔

واضح رہے کہ روس سمیت کسی بھی ملک نے افغانستان میں طالبان کی حکومت کو ابھی تک تسلیم نہیں کیا ہے، روس اور افغانستان کے درمیاں اس ڈیل سے افغانستان کو اپنی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔

چند دن پہلے بھی چین سے مال بردار ٹرِین سامان لیکر افغانستان پہنچی بھی تھی، چین اور افغانستان کے مابین تجارتی روٹ کو اولڈ سلک روٹ کی بحالی بھی کہا جارہا ہے۔
 

Advertisement