کٹھمنڈو، نئی دہلی: (ویب ڈیسک) نیپال اور بھارت میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ، نیپال میں زلزلے کے باعث چھ افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔
نیپالی سسمولوجیکل سینٹر کے مطابق 6.6 کی شدت کا زلزلہ آیا۔ کم از کم چھ افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے۔ جبکہ درجنوں شہری زخمی ہوئے ہیں اور متعدد مکانات منہدم ہو چکے ہیں۔ زلزلے کا مرکزبھارتی صوبے اترپردیش کے شہر پیلی بھیت سے 158 کلومیٹر دور اور نیپال کے دارالحکومت کٹھمنڈو سے 340 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع دیپایل قصبہ تھا۔ بھارت کے مقامی وقت کے مطابق زلزلہ علی الصبح تقریباً ایک بج کر 57 منٹ پر آیا۔
نیپالی سسمولوجیکل سینٹر کے مطابق زلزلے کی شدت 6.6 تھی اور پچھلے 24 گھنٹے میں زلزلے کے تین جھٹکے محسوس کیے گئے۔
دوسری طرف نیپالی وزیر اعظم شیر بہادر دیوبا نے متاثرین کے ساتھ دلی ہمدری کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے متعلقہ ایجنسیوں کو حکم دیا ہے کہ وہ زخمیوں اور دیگر متاثرین کے فوری اور مناسب علاج کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں۔
اُدھر نیپال کے دوتی ضلعے سے تقریباً 350 کلومیٹر دور بھارت کے قومی دارالحکومت دہلی میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ دہلی کے اطراف کے شہروں غازی آباد، گروگرام اورحتی کہ لکھنؤ تک میں لوگ زلزلے کے جھٹکے کی وجہ سے گھبرا کر نیند سے جاگ گئے۔ زلزلے کی شدت 6.3 تھی۔ بھارت میں ابھی تک کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
بھارت کی وفاقی وزیر میناکشی لیکھی نے ایک ٹویٹ کرکے کہا کہ میں یہ ٹویٹ تو کرنا نہیں چاہتی تھی لیکن بہر حال یہ کہنا پڑ رہا ہے کہ میں نے زلزلے کا جھٹکا محسوس کیا۔