دبئی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات کے صدر الشیخ محمد بن زید آل نہیان نے اسرائیل کے سابق وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران خطے میں امن کے حصول کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
یو اے ای کی خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق انہوں نے متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کی ریاست کے درمیان دو طرفہ تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
مزید برآں الشیخ محمد بن زاید نے بینجمن نیتن یاہو کو حالیہ کنیسٹ انتخابات میں ان کے اتحاد کی فتح پر مبارکباد دی۔
انہوں نے خطے میں امن، تعاون اور مثبت شراکت داری کے اسباب کو مضبوط کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات کی خواہش پر زور دیا۔
نیتن یاہو نے کنیسیٹ کی اکثریتی نشستیں حاصل کیں اور نتائج سے ظاہر ہوتا ہےکہ ان کی قیادت والی لیکود پارٹی نے 32 نشستیں حاصل کیں، جب کہ 18 نشستیں دو مذہبی جماعتوں "متحدہ تورات یہودیت" اور "شاس" کے حصے میں آئیں اور 14 نشستیں "مذہبی صیہونیت پاور " پارٹی کے پاس ہیں۔
اس طرح، نیتن یاہو کی سربراہی میں دائیں بازو کے بلاک نے 64 نشستیں حاصل کیں، جو کہ 120 نشستوں والی پارلیمنٹ میں حکومت سازی کے لیے ایک واضح اکثریت ہے۔